نئی دہلی ،03؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)نیتی آیوگ ڈپٹی چئیرمینراجیو کمارنے منموہن سنگھ اور پی چدمبرم کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ترقی شرح میں گراوٹ کے لیے نوٹ بندی ذمہ دارنہیں ہے۔
نیتی آیوگ کے ڈپٹی چئیرمین راجیو کمار نے بھارتیہ ریزرو بینک (آربی آئی) کے سابق گورنررگھو رام راجن پر بڑا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق گورنررگھورام راجن کی پالیسیوں کی وجہ سے ترقی میں کمی آ رہی ہے۔پیر کے روزراجیو نے کہا، "ترقی بینکنگ کے شعبے میں این پی اے کی وجہ سے گراوٹ آ رہی تھی۔ جب یہ حکومت آئی تو یہ رقم چار لاکھ کروڑ روپے تھی، جو سال 2017 کے وسط تک 10.5 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔سابق آر بی آئی گورنر مسٹر راجن نے انتہائی کمزوراور نان پرفارمنگ اثاثوں کی شناخت کے لئے طریقہ کارمتعین کیا جس کی وجہ سے بینکوں نے صنعتوں کو قرضے دینا بند کر دیا۔
انہوں نے کہاہے کہ ترقی شرح کے لیے نوٹ بندی ذمہ دارنہیں ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اورسابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری طرح سے غلط سوچ ہے اور میں اس بات سے خوفزدہ ہوں کہ پی چدمبرم اور ہمارے سابق وزیراعظم نے بھی ایسا کہا۔راجیو نے کہا کہ درمیانی اور نچلی سطح کے کاروباری افراد کا کریڈٹ گروتھ منفی ہوگیا۔ بڑے صنعت کاروں کے لئے بھی یہی ایک سے 2.5 فیصد تک نیچے چلا گیا۔ ہندوستانی معیشت کی تاریخ میں کریڈٹ میں آئی یہ سب سے بڑی گراوٹ تھی۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اورترقی شرح گرنے کے درمیان راست طور پرکوئی ثبوت نہیں ہے۔